سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی تصدیق کر دی۔
اسلام آباد میں سعودی مکتب الدعوة کے زیراہتمام تقسیم راشن کی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری اور سعودی سفیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان عید سے قبل یا عید کے فوری بعد دورہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم دورے کے موقع پر محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، مولانا طاہر اشرفی
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم بین المذاہب ہم آہنگی کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا طاہر اشرفی وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مقرر
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے مجھے ذمہ داری دی گئی تھی اس وقت ہمارے تعلقات عرب ممالک کے ساتھ پہلے کی نسبت بہت بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ دس سال بعد تعلقات اچھے ہوئے ہیں، لیبیا کی قومی حکومت کا پاکستان نے خیر مقدم کیا ہے۔ پاکستان کی عرب اسلامی ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی میں کمی کو دور کیا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان ساری دنیا کے لیے کھلا اسلامی ممالک ہے ۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں سب کی نمائندگی تھی اس موقع پر فلسطین کا جھنڈا لہرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے کشمیر کی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اورسیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کویت کا ویزہ جلد کھل جائے گا۔
