سیلاب کے دوران کسی اونچی جگہ پر پناہ لینے کے لیے اچانک ہزاروں مکڑیاں نکل آئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے علاقے نیو ساؤتھ ویلز کے ساحل پر پانی میں ہزاروں مکڑیاں دیکھی گئیں۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ہزاروں کی تعداد میں مکڑیاں اپنے گھروں سے باہر پناہ کی تلاش میں نکل پڑیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصویر میں زمین پر مکڑیوں کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔ مقامی فوٹو گرافر نے مکڑیوں کو محفوظ مقام کی تلاش میں بھاگتے تصویر اپنے کیمرے میں محفوظ کر لی۔
شدید سیلاب کے باعث مکڑیوں نے گھروں اور مختلف پناہ گاہوں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ہزاروں کی تعداد میں مکڑیاں دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اس وقت شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے۔ جس نے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اختیار کر رکھی ہے اور متاثرہ افراد محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور ریاستی دارالحکومت سڈنی سے 18 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
