اسلام آباد: پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا عمل 3 فروری سے شروع ہو گا۔
پاکستان میں کورونا ویکسین پہلی کھیپ آج پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے لے کر پہنچا۔ ویکیسن کو اسلام آباد میں مرکزی اسٹوریج سینٹر میں منتقل کیا جائے گا۔

تمام ہیلتھ گائیڈ لائنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ویکسین وفاقی اکائیوں کو فراہم کی جائے گی جبکہ ویکیسن کی منتقلی کے پلان کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) حتمی شکل دے چکا ہے۔ درجہ حرارت کو برقرار اور وقت بچانے کے لیے سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو ویکسین طیاروں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
ویکیسن کی پہلی کھیپ مکمل طور پر کووڈ 19 کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو لگائی جائے گی اور یہی فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز پاکستان کے اصل ہیروز ہیں جو وبا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت بدھ سے کورونا ویکسین لگائے گی
ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گگلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: پاکستان میں 74روزبعد سب سے کم اموات
ویکسینیشن کے لیے صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر بھی کور سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ویکسینیشن کا پورا عمل نیشنل امیونائزیشن مینجمینٹ سسٹم کے ساتھ کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ کام کرے گا۔
