اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسمبلیوں سے استعفے نہ دینے کی وجہ بتا دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی سوچ تھی کہ استعفوں کے بعد سندھ اسمبلی تحلیل ہو گی تو سینیٹ الیکشن نہیں ہوں گے۔ آئینی ماہرین نے متفقہ رائے دی کہ سندھ اسمبلی ختم ہوئی تب بھی الیکٹورل کالج نہیں ٹوٹے گا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سینیٹ پر قبضہ کرلے گی، اس لیے حکمت عملی فوری تبدیل کرنا پڑی، تمام جماعتوں کی متفقہ رائے ہے کہ ضمنی الیکشن اور سینیٹ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں کرپشن میں اضافہ ہواہے،براڈ شیٹ نے حکومت کی کارکردگی کا پول کھولاہے، ملک کو مالی نقصان کس نے پہنچایا،ذمہ دار یہی حکومت ہے۔
جو پاکستان سے وفادار ہے وہ کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمان
انہوں نے ایک مرتبہ پھر ملک میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ملک کو بچانا ہے تو اس حکومت سے نجات دلانا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) متحد ہے، آپس میں اختلاف اور اختلاف رائے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام جلسے کامیا ب ہوئے ہیں، 5 فروری کو مظفر آباد میں یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے جب کہ 9 فروری کو حیدرآبادمیں کامیاب جلسہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا شیرانی جماعت کا حصہ اب نہیں رہے ہیں، ان پر تبصرہ مناسب نہیں۔
