راولپنڈی: کورونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ٹرین سروس آج رات 12 سے 31 مارچ تک معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جو افراد خواہشمند ہوں گے انہیں آپریشن بحال ہونے کے بعد مرضی کی ٹرین میں ایڈجسٹ کیا جائےگا۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ جو ٹکٹ استعمال نہیں کرنا چاہتے انہیں آپریشن بحال ہونے کے بعد پیسے واپس کردیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی وجہ سے 20 ٹرینیں بند کر دی جائیں گی، شیخ رشید
اس سے قبل وزیر ریلوے نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے لیے وزارت ریلوے کو اعتماد میں نہیں لیاگیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے لوگوں کی مشکلات میں سہارا بن جائے، موجودہ صورت حال میں صرف ریڑھی والا ہی پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوےسےمتعلق پنجاب میں نہیں سندھ میں مسائل سامنےآرہےہیں، کسی بھی ٹرین کو راستے میں نہیں روک سکتے۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 892 ہوگئی ہے جبکہ جان لیوا مرض سے چھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، گلگت بلستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38، اسلام آباد میں 15 جبکہ آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
کورونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں تین اور سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ملک بھر میں چھ مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 16 ہزارسے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔
