اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ ’ مولانا فضل الرحمان نے جو اعلان کیا اس سے لگتا ہے کچھ حکومتی وزیر ان کیساتھ ملے ہوئے ہیں‘۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس قسم کے بیانات کچھ حکومتی وزیروں کی جانب سے آ رہے ہیں ان سے لگتا ہے کہ مولانا کے دھرنے کو کامیاب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمیعت علمائے اسلام آٹھ ماہ سے اپنے ووٹرز کو دھرنے کے لیے تیار کر رہی ہے، مولانا کا ووٹرز جہاں جائے گا چٹائی ڈال کر سو جائے گا اور محنت بھی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانافضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کردیا
ن لیگ کی دھرنے میں شرکت سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ مولانا ہمیں کچھ وقت دیں کیوں کہ ہمارا ووٹر ابھی متحرک نہیں ہے، ہم چاہتے تھے تھوڑا کام مزید کر لیں۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات سے متعلق افواہوں پر رد عمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی قائد نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
نوازشریف نے فیصلے کے لیے مزید وقت مانگا ہے اور جو فیصلہ وہ دیں گے تمام ورکرز اس پر عمل درآمد کریں گے۔
