برسٹل: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان عالمی کپ 2019 کا 11واں میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔
برسٹل میں کئی گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث بالآخر امپائرز نے میدان کا جائزہ لینے کے بعد میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس کے بعد پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے جبکہ سری لنکن ٹیم تیسرے نمبر پر آگئی۔
مزید پڑھیں: پاک سری لنکا میچ منسوخ ہونے کا نقصان کس کو زیادہ؟
سری لنکا اپنا اگلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف 11 جون کو کھیلے گا جبکہ پاکستان اپنا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 12 جون کو کھیلے گا۔
ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بری طرح شکست کھانے کی وجہ سے پاکستان کا رن ریٹ متاثر ہوا، انگلینڈ کے خلاف بھی ان کی بہترین بلے بازی اسے بہتر نہیں کر سکی کیونکہ انگلینڈ کی بہترین بلے بازی کی بدولت پاکستان یہ میچ فقط 14 رنز سے ہی جیت پایا تھا۔
پاکستان نے گزشتہ ورلڈ کپ سے لیکر اب تک سری لنکا کے خلاف 11 میچز کھیلے ہیں جن میں نو میں فتح گرین سرٹس کو نصیب ہوئی ہے جبکہ دو میچز میں سری لنکا کامیاب رہا۔
عالمی کپ میں سری لنکن ٹیم کبھی بھی پاکستان کو ہرا نہیں پائی ہے۔ دونوں ٹیمیں سات مرتبہ مدمقابل آئیں اور ساتوں مرتبہ پاکستانی ٹیم کامیاب رہی۔
یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ٹیم کو عالمی کپ کے دوران پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
