لاہور: نئے پاکستان میں مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کا اوور اسپیڈنگ پر موٹر وے پولیس نے چالان کر دیا۔
خواجہ سعد رفیق سفید پراڈو اور سیاہ ویگو کے پروٹوکول کے ساتھ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
سفید پراڈو خواجہ سعد رفیق کا ڈرائیور نسیم چلا رہا تھا۔

موٹروے پولیس کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی گاڑی کی اسپیڈ 136 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ جہاں چالان کیا گیا وہاں رفتار کی مقررہ حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق کا چالان راوی ٹول پلازہ کے قریب کیا گیا۔
پولیس آفیسر ذیشان کھال کی جانب سے کاٹی جانے والی چالان سلپ میں سابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق پر 750 روپے جرمانہ کیا گیا جو موٹر وے پولیس کے قواعد کے تحت موقع پر ہی وصول کیا گیا۔
ریکارڈ کے مطابق چالان سلپ لاہور اسلام آباد موٹر وے سیکشن ایم ٹو پر اتوار 19 اگست کو صبح 9 بج کر 40 منٹ پر جاری کی گئی۔
