بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مرادآباد میں ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس نے ہر کسی کو حیرت اور افسوس میں مبتلا کر دیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جبار کالونی کی 23 سالہ خاتون نے اپنے صرف 15 دن کے شیرخوار بیٹے کو فریج میں ڈال دیا۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ بچہ مسلسل رورہا تھا اور سو نہیں رہا تھا، جس پر ماں نے انتہائی غیر متوقع اور خطرناک قدم اٹھایا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون بچے کو فریج میں رکھنے کے بعد خود کمرے میں جا کر سو گئی۔ کچھ دیر بعد جب بچے کے چیخنے اور کراہنے کی آوازیں آئیں تو دادی نے گھبرا کر فریج کھولا اور نومولود کو نکالا۔ فوری طور پر بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اسے طبی امداد فراہم کی۔ خوش قسمتی سے بروقت علاج کے باعث بچے کی جان بچ گئی اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ خاتون نے اپنی حرکت کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بچہ سو نہیں رہا تھا اور مسلسل رونے کی وجہ سے اس نے اسے فریج میں رکھ دیا تاکہ سکون مل سکے۔ تاہم واقعے کے بعد ماں کے نفسیاتی معائنے کرائے گئے جس میں انکشاف ہوا کہ وہ “پوسٹ پارٹم ڈپریشن” یعنی زچگی کے بعد پیدا ہونے والے ڈپریشن میں مبتلا ہے۔
پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہے؟
ماہرین صحت کے مطابق یہ نفسیاتی کیفیت دنیا بھر میں کئی ماؤں کو متاثر کرتی ہے۔ اس دوران خواتین کے رویے، سوچ اور جذبات میں شدید تبدیلیاں آتی ہیں، جو نہ صرف ان کی صحت بلکہ نومولود کی دیکھ بھال پر بھی منفی اثر ڈالتی ہیں۔ ماہرین نے زور دیا کہ معاشرے میں اس مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور متاثرہ خواتین کو فوری طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا گردن کی تکلیف کا شکار
یہ واقعہ اس حقیقت کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ نئی ماؤں کو خاندانی اور سماجی سپورٹ کی کتنی ضرورت ہے، کیونکہ ذرا سی غفلت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی تھی۔
