کوالالمپور: ملائیشیا میں جمعہ کی نماز چھوڑنے پر سخت سزا کا اعلان کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کی ریاست ترنکگانو نے اعلان کیا ہے کہ جو مرد بغیر کسی شرعی عذر کے نماز جمعہ ادا نہیں کریں گے۔ انہیں 2 سال قید یا 4 ہزار رنگٹ (تقریباً 2 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
یہ اعلان رواں ہفتے ملائیشین اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیر انتظام صوبے میں کیا گیا۔
ریاستی حکام کے مطابق اب ایک بار بھی جمعے کی نماز ترک کرنا جرم تصور ہو گا۔ جس پر قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔ اس سے قبل قانون کے تحت 3 مرتبہ نماز جمعہ چھوڑنے پر کارروائی کی جاتی تھی۔ تاہم اب قوانین مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمعے کی نماز ترک کرنے والوں کے خلاف کارروائی عوامی رپورٹس یا حکومتی گشتوں کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے کاروبار کیخلاف احتجاج پر مائیکروسافٹ کے ملازمین گرفتار
اس موقع پر ریاستی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی نے وضاحت کی کہ سزا سے پہلے عوام کو یاد دہانی کروانا ضروری ہے۔ کیونکہ جمعے کی نماز صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور فرمانبرداری کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سزائیں صرف انہی افراد کو دی جائیں گی جو یاد دہانی کے باوجود نماز جمعہ کی ادائیگی سے گریز کریں گے۔
