اسلام آباد: خیبر پختونخواہ کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران مطلوب کمانڈر رحمت عرف خالد سمیت 2 دہشت گردں کو ہلاک کردیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہزاد رضا شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد کمانڈر رحمت بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔ دہشتگرد کمانڈر اغوا برائے تاوان،بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
خیال رہے کہ تین دن قبل شمالی وزیرستان میں ہی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق علیم خان خوشحالی گروپ سے تھا۔ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملے اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر بھی میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید اور چار زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور بارودی سرنگ کے حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے
