گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی، دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن جائیں گے اور چوری کی گئی سیٹیں واپس لیں گے۔
گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلاقہ 13 میں سردی کا بہانا بنا کر لوگوں کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کے پاس ابھی تک وزیراعلیٰ کا امیدوار ہی نہیں ہے۔ ہم لڑاو اور حکومت کرو کی روش کو مسترد کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا شکر گزار ہوں۔ گلگت بلتستان کے عوام چاہتے ہیں کہ جمہوریت آگے بڑھے۔ پہلے بھی بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف کوششیں جاری ہیں۔ ہم اجازت نہیں دیں گے کہ لڑاوَ اور حکومت کرو کا طریقہ اپنایا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جن علاقوں میں ہمارے امیدوار جیت گئے تھے انہیں راتوں رات ہرا دیا گیا۔ حلقہ 2 سے جمیل احمد رات کو جیت گئے تھے، صبح اس کے ہارنے کا اعلان کیا گیا۔ حلقہ 18 سے متعلق ہمارے سخت اختلافات ہیں۔ حلقہ 18 میں خواتین کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جی بی 21 سے بیلٹ پیپرز چوری کیے گئے۔ ہماری امیدوار سعدیہ دانش کو وہاں انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی۔ جی بی اے 2 کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن ہوا ہی نہیں۔ حلقہ 2 میں فارم 45 ایک دوسرے سے میچ نہیں کرتے ہیں۔ فارم 45 میں مہر ہے نہ دستخط ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وزیراعظم نااہل ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کے وزیر کیخلاف بھی ایکشن لیا جائے۔ وفاقی وزیر فنڈز تقسیم کرنے کی باتیں کررہے تھے۔ دھاندلی کیخلاف پیپلزپارٹی کے احتجاج میں شریک ہوں گا۔
بلاول نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس ابھی تک وزیراعلیٰ کا امیدوار نہیں ہے۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ امجد ایڈووکیٹ ہمارا وزیر اعلیٰ ہے۔ یہ لوگ بتائیں ان کے پاس وزیر اعلی ٰکا امیدوار کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ گلگت بلتستان کے لوگوں سے ان کا حق چھینا جارہا ہے ۔ ہم یہاں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیپلز پارٹی نے یہاں کے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب ہم حکومت بنانے پر غور کررہے ہیں۔ یہاں کے لوگ میرے بہن بھائی ہیں۔ ہم عوام کے ووٹ کا سودا نہیں کرسکتے۔ مجھے کل واپس جانا تھا لیکن اب میں یہاں کے عوام کو تنہا چھوڑ کر نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ اور جمیل احمد نے سب کو تلقین کی تھی کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔ ہمارے کارکنوں نے کبھی قانون کے ہاتھ میں نہیں لیا۔ احتجاج ہمارا حق ہے۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے ہم نے ہمیشہ جمہوری راستہ اپنایا ہے۔
