اٹلی یورپی یونین میں پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے،اطالوی سفیر


پاکستان میں اٹلی کے سفیر آندریاس فیریریز نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں اطالوی تجارتی ایجنسی (آئی سی ای) کے دفتر کے قیام اور پاکستان میں پہلے اطالوی تجارتی ڈائریکٹر کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون میں اضافہ ہوگا، اٹلی یورپی یونین میں پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے، اٹلی کا سفارت خانہ باہمی تجارت کو اس کے قدرتی حجم تک لے جانے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اٹلی کے یوم جمہوریہ کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر ”اے پی پی“ کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اطالوی تجارتی ایجنسی (آئی سی ای) کے دفتر کا قیام اور پاکستان میں پہلے اطالوی ٹریڈ ڈائریکٹر کی تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، تعمیرات اور سیاحت پر توجہ مرکوز کریں گے، ٹیکسٹائل، زراعت، لائیو سٹاک، ماربل، فارماسیوٹیکل اور بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون سے پاکستان کے صنعتی دائرہ کار کو بڑھانے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اٹلی کے سفیر نے کہا کہ پانچواں اٹلی پاکستان جوائنٹ اکنامک کمیشن کا اجلاس 29 اور30 مئی کو روم میں ہوا جس میں فریقین نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پانی کے انتظام میں تعاون کے لیے مشترکہ فریم ورک قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ”تعاون کے روڈ میپ“ پر دستخط کیے جس میں موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری، ثقافتی ورثہ، زراعت، تکنیکی تعاون، اعلیٰ تعلیم اور متعلقہ شعبوں میں ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے، دونوں ممالک ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں تجارتی لبرلائزیشن سکیم کے حق میں ہیں۔ سفیر نے کہا کہ تقریباً 240 ملین کی آبادی اور اعلیٰ درجے کی مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ پاکستان اطالوی کمپنیوں اور کاروباروں کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مشہور اطالوی کمپنیوں نے حال ہی میں پاکستانی مارکیٹ میں اپنی موجودگی قائم کی ہے، اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون نے ملک کے متنوع خطوں میں زراعت، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں کئی منصوبوں کی معاونت کی ہے، ہم پاکستان میں ”اولیو کلچر پراجیکٹ“ کی ابتدائی کامیابی کو دیکھ کر بہت پرجوش ہیں جو مستقبل میں ملک کے لیے ٹھوس ثمرات لائے گا۔

اطالوی سفیر نے کہا کہ اٹلی کا آثار قدیمہ کا مشن پاکستان میں موجود قدیم ترین مشنوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی شہریوں کی پاکستانی پہاڑوں سے محبت کوئی راز نہیں ہے اور یہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں کے تحفظ اور ترقی کی ان کی سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے، اٹلی کا سفارت خانہ باہمی تجارت کو اس کے قدرتی حجم تک لے جانے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سفیر آندریاس فیریریز نے کہا کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ کمیونٹی کے ساتھ اٹلی یورپ میں پاکستانیوں کی سب سے بڑے آبادی رکھنے والا ملک ہے اور اطالوی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ان کا تعاون قابل ذکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں اٹلی سے پاکستانی ورکرز کی ترسیلات زر اب تک کی بلند ترین سطح پر سالانہ 1 بلین یورو سے زیادہ ہے۔ اٹلی عالمی سطح پر پاکستانی ورکرز کی ترسیلات کا ساتواں بڑا ذریعہ اور یورپی یونین کے ممالک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے عوام سے عوام کے رابطوں کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اطالوی سفارتخانہ قونصلر خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال2021-22 کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران اٹلی کو پاکستانی اشیاءاور خدمات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی برآمدات کے مقابلے میں 35.58 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کو مجموعی طور پر جولائی تا مارچ 2021-22 کے دوران 758.795 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں جبکہ جولائی۔مارچ 2020-21 کے دوران 559.664 ملین ڈالر کی برآمدات رہیں، یہ اس لحاظ سے اوسط سے زیادہ ہے کہ اس دوران پاکستان کی دیگر ممالک کو برآمدات میں نو ماہ میں 26.64 فیصد اضافہ ہوا جو 18.713 ارب ڈالر سے 23.699 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ بنیادوں پر اٹلی سے درآمدات میں 98.32 فیصد اضافہ ہوا، مارچ 2021 میں 43.320 ملین ڈالر سے بڑھ کر مارچ 2022 میں 85.916 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ ماہانہ بنیادوں پر فروری 2022 میں 58.323 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں مارچ 2022 میں اٹلی سے درآمدات میں 47.31 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔


متعلقہ خبریں