نیوزی لینڈ میں مسلمانوں پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے سے شہرت پانے والی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے منگنی کر لی ہے۔
انہوں نے ٹی وی اینکرپرسن 41 سالہ کلارک گفورڈ سے گزشتہ ہفتے منگنی کی تھی، کلارک ان کے دیرینہ دوست ہیں، 2014 میں دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے جس کی نشانی ان کی بیٹی ہے جو 21 جون 2018 کو پیدا ہوئی تھی۔
منگنی کی تقریب خاموشی سے منعقد کی گئی اور میڈیا کو بھی اس وقت علم ہوا جب انہوں نے جیسنڈا آرڈرن کو درمیانی انگلی میں انگوٹھی پہنے دیکھا۔ وزیراعظم کے سرکاری ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایسٹر کی چھٹیوں پر ان دونوں نے منگنی کی ہے۔
جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گفورڈ کے درمیان پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب گیفورڈ ایک قانون سازی کے بارے میں شکایت کرنے رکن پارلیمنٹ کے پاس گئے تھے۔ دونوں نے اکٹھے کافی پی اور جلد ہی اکٹھے رہنا شروع کر دیا۔
38 سالہ جیسنڈا آرڈرن بینظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہیں جنہوں نے آفس میں ہوتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔
نیوزی لینڈ نیشنل پارٹی کے رہنما سائمن برجز نے ایک ٹویٹ کے ذریعے وزیراعظم اور ان کے منگیتر کو مبارک باد دی۔
Natalie and I extend our congratulations to the PM and Clarke on their engagement.
— Simon Bridges (@simonjbridges) May 3, 2019
جنوری میں لندن کے دورے کے دوران ان سے دریافت کیا گیا کہ کیا وہ گریفورڈ کو خود شادی کا کہیں گی یا ان کی طرف سے پیش قدمی کا انتظار کریں گی، اس پر انہوں نے مزاحیہ لہجے میں جواب دیا کہ میں حقوق نسواں کی حامی ہوں، میں کلارک کو اس بارے میں سوچنے کی اذیت میں مبتلا رکھنا پسند کروں گی۔
گریفورڈ کلارک مچھلیوں کے بارے میں ایک مقبول ترین ٹی وی شو کے میزبان ہیں، یہ سیریز 20 ملکوں میں فروخت ہوتی ہے، انہوں نے ہوسٹن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2016 میں گولڈن ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کا انکشاف
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو اس وقت بین الاقوامی شہرت ملی جب کرائسٹ چرچ کی مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے بعد وہ کھل کر مسلمانوں کے حق میں سامنے آئی تھیں اور نہ صرف مسلمانوں کے بلکہ غیرمسلموں کے دل بھی جیت لیے تھے۔