ہاکی اولمپیئن  منصور احمد انتقال کر گئے


کراچی: قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن  منصور احمد انتقال کر گئے، اہل خانہ کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ان کی میت چھیپا سرد خانے پہنچادی گئی ہے جب کہ نمازجنازہ کل بعد نماز ظہر سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔

منصور احمد کی وفات پر مختلف حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے سیکرٹری شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ منصور احمد کی تدفین کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے۔  پی ایچ ایف کی ڈسپلنری کمیٹی کے چئیرمین نوید عالم کا کہنا ہے کہ منصور احمد کی وفات پر دکھ بہت ہوا، یہ ایک ایسا خلا ہے جو پر نہیں ہو سکتا۔

اولمپیئن منصور احمد  ڈیڑھ سال قبل دل کے عارضے میں مبتلا ہوئے تھے اورامراض قلب  کے قومی ادارے میں زیر علاج تھے۔

ہفتہ کی صبح  طبیعت  اچانک  بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا،  ڈاکٹروں کے مطابق ان کے دل کی دھڑکن صرف بیس فیصد رہ گئی تھی جس کے باعث ان کے پھیپھڑوں اور گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

ڈاکٹرز نے انہیں دل کی پیوندکاری کا مشورہ دیا تھا جس کے لیے وہ بھارت جانا چاہتے تھے، انہوں نے 22 اپریل کو بھارتی سفارت خانے کو ویزے کی درخواست دی تھی تاہم  ان کی حالت کے پیش نظر ڈاکٹرز نے انہیں طویل سفر سے روک دیا تھا۔

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منصور احمد 1968 میں کراچی میں پیدا ہوئے، 70 کی دہائی میں تعلیم کے ساتھ  ہاکی بھی شروع کردی، انہوں نے 1985 میں پہلا جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کھیلا  اور پھر پلٹ  کر نہیں دیکھا۔  1986 سے 2000  کے دوران منصور احمد کو ہاکی میں بے شمار اعزازات ملے، انہیں 1988 میں صدارتی ایوارڈ اور 1994 میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

1986 میں پاکستان کی سینئر ٹیم کے لیے منتخب ہوئے اور ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کیا، منصور احمد نے 14 سالہ ہاکی کیریئر میں 338 انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، تین اولمپکس اور تین ورلڈ کپ  مقابلوں میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

1990 کے ورلڈ کپ میں سلور، 1994 کے ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، 1992 کے اولمپکس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا،  1990 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے چار مرتبہ دنیا کے نمبر ون گول کیپر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا، اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر سونے اور چاندی کے 12،12 اور کانسی کے آٹھ میڈل حاصل کیے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے گزشتہ ماہ منصور احمد کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں