اسلام آباد: ٹیکنالوجی کا استعمال ویسے تو دنیاوی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے لیکن موبائل فون میں چند ایپس ڈاؤن لوڈ کرکے رمضان کے مقدس مہینے میں فیوض و برکات کی بے شمار نعمتوں سے جھولی بھری جا سکتی ہے۔
قرآن پڑھنا ہو یا سفر کے دوران سحر و افطار کے اوقات معلوم کرنا ہوں یا پھر قبلے کا رخ اور نماز کے اوقات جاننے ہوں، یہ سب کچھ موبائل میں چند ایپس ڈاؤن لوڈ کرکے با آسانی کیا جا سکتا ہے۔
سحر و افطار کا اسمارٹ کیلنڈر
سحر و افطار کے اوقات کار ہر سال تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ مسلم ممالک میں ٹیلی فون کمپنیاں پیسوں کے عوض اس بارے میں معلومات فراہم کرتی ہیں لیکن اب آپ کو پیسے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں۔
ایپ اسٹور سے ’ڈیجیٹل رمضان کیلنڈر‘ نامی ایپ اسمارٹ فون میں مفت ڈاؤن لوڈ کریں اور بے فکر ہوجائیں۔ یہ ایپ ہجری کیلنڈر کے علاوہ تلاوت قران اور دیگر بہت سی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔
’راستہ‘ ایپ بتائے گی ٹریفک جام کا آسان حل
اگر آپ لاہورمیں رہائش پذیر ہیں تو رمضان میں ٹریفک جام کا مسئلہ آپ کے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ رمضان المبارک میں اہم شاہراہوں پربدترین ٹریفک جام کے سبب اکثر لوگوں کو روزہ راستے میں ہی کھولنا پڑتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لئے ایپ اسٹور سے ’راستہ‘ نامی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
لاہورسٹی پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ ایپ شہر کی سڑکوں پر موجود ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھتی ہے۔ یہ ایپ آپ کو بتائے گی کہ شہر کی کس سڑک پر ٹریفک جام ہے اور آپ کون سا متبادل راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔