اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے ضمنی ریفرنس کی سماعت آج پھر کرے گی۔
ہم نیوز کے مطابق سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے۔ تینوں شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوں گے۔
شریک ملزمان میں سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضوی شامل ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق عدالت نے استغاثہ کے گواہ نجی بینک کے نائب صدر طارق سلیم کو آج طلب کر رکھا ہے۔
ملزم سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ استغاثہ کے گواہ پر جرح کریں گے۔
گذشتہ سماعت پر سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ اور نیب پراسیکیوٹرعمران شفیق کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی تھی۔ تلخ کلامی کے بعد احتساب عدالت کے جج نے سماعت ملتوی کردی تھی۔