لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے تاحال کسی کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا، مسلم لیگ ن کے انتخابی امیدواروں کی فہرست تیار کی جارہی ہے جو میرٹ کی بنیاد پرہو گی۔
لاہورمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ انہوں نے ووٹ منفی سیاست کرنے والوں کو دینا ہے یا خدمت کرنے والوں کو۔
تحریک انصاف پرکڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی فہرست میں سے لوگ تحریک انصاف کو تلاش کررہے ہیں، اس جماعت کا معیار تو یہ ہے کہ سب سے بڑا لوٹا اور سب سے بڑا اے ٹی ایم اس میں پایا جاتا ہے۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے وفاق میں پانچ برس اور صوبے میں دس سال کے دوران تاریخی کام کیا ہے، ہم لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، شہبازشریف کا ایجنڈا ترقی ہے۔
سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا ( کے پی ) میں ایک میگا واٹ بجلی بھی نہیں بنی اورعمران خان ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کرتے ہیں، کے پی میں تو 90 روز میں ہی احتساب کمیشن کو تالا لگ گیا، ہمیں بتایا جائے کہ کے پی میں کتنے اسکول، اسپتال اور یونیورسٹیاں بنائی گئی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی بنائی ہے جس سے پورا ملک روشن ہورہا ہے، ہماری حکومت آنے سے پہلے ایک سال کے دوران دہشت گردی کے 26 سو سے زائد واقعات ہوا کرتے تھے جو اب نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت ہی شفاف الیکشن کرائے گی جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔