اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور سے براستہ موٹر وے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے۔ اس موقع پر کارکنوں نے پولیس پر پتھراو کیا اور پولیس نے جوابی طور پر شیلنگ کی۔
عمران خان کی جانب سے سکیورٹی تحفظات کے باعث توشہ خانہ کیس کی سماعت ایف ایٹ کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس جی الیون منتقل کر دی گئی تھی۔
اس سے قبل پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے اور اسلام آباد موٹر وے پر ٹول پلازہ کا کنٹرول پولیس نے سنبھال لیا اور پولیس نے ٹول پلازہ پرکام کرنے والے ملازمین کو ہٹا دیا۔
اسلام آباد آنے والے راستے پرکنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے، اسلام آباد ٹول پلازہ پر پولیس نے عمران خان کے قافلے کو روکا اور کہا کہ صرف عمران خان کی گاڑی ٹول پلازہ سے آگے جائے گی، بعد ازاں عمران خان کی گاڑی کو دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جانے کی اجازت دے دی گئی۔