’’آو، ہمارے کھانے کھاو، دوستی بڑھاو‘‘ تھائی لینڈ کا فوڈ فیسٹیول، سفیر کی بیٹھک،منفرد ڈشز


’’ آو، ہمارے کھانے کھاو اور دوستی بھی بڑھاو‘‘ تھائی لینڈ کے پاکستان میں سفیر چکرد کراچائی وانگ نے فوڈ فیسٹیول پر بیٹھک رکھ لی، مہمانوں  کی منفرد اور لذیز ڈشز سے تواضع کی گئی۔

اسلام آباد میں تھائی لینڈ کے سفارتخانے میں فوڈ فیسیٹول کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے تھائی لینڈ سے مشہور شیف کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

’’کیا نام ہے اور کیسے کھانا ہے‘‘ یہ ایک مشکل ضرور تھی مگر اس کا حل بھی پیش تھا، ہر ڈش کے ساتھ شیف آتیں، کھانے کا نام بتاتیں اور کھانے کے آداب بھی سکھاتیں۔

کھانے ایسے کہ پہلے کبھی نہ کھائے،ذائقہ ایسا کہ چھوڑ نہ پائیں اور انگلیاں چاٹتے رہ جائیں۔

اس موقع پرتھائی لینڈ کے سفیر چکرد کراچائی وانگ نے ہم نیوز سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ فیسٹیول کا مقصد کھانا کھانا اور دوستی  بڑھانا ہے،ہمارے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ، میوزک اور دوستی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی،ہم نے تھائی لینڈ سے ایک مشہور شیف کو فیسٹیول کے لیے پاکستان بلایا ہے،تاکہ وہ تھائی کھانوں کو پاکستان میں متعارف کرائیں، ہم ایک ساتھ اتوار بازار گئے اور کھانے کی مختلف چیزیں خرید کر لائے۔

تھائی لینڈ کے سفیر چکرد کراچائی وانگ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی کھانے بہت پسند ہیں اور وہ شوق سے بریانی کھاتے ہیں، مگرانہیں پاکستانی کھانے کھانے کے لیے بہت زیادہ ورزش بھی کرنا پڑتی ہے۔

تھائی  لینڈ  کے سفیرچکرد کراچائی وانگ نے کہا کہ وہ ہنی مون کے لیے بھی پاکستان آئے تھے اور اب ایک بار پھر یہاں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آئے، لوگوں سے ملنے کا تجربہ ہوا، پاکستانی بہت مہمان نواز اور فراخدل ہیں،میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں پاکستان  میں سفیر ہوں۔


متعلقہ خبریں