صحرا اور سبزہ زار کے دامن میں دیومالائی حسن کا شاہکار کٹ پناہ جھیل


اسکردو: گلگت بلتستان سرسبزو شاداب وادیوں ، گھنے درختوں ، برفیلے پہاڑوں ، بلند وبالا چوٹیوں سے سرگوشیاں کرتے بادلوں ، گنگناتے جھرنوں اور شوریدہ سردریاؤں کی سرزمین ہے۔

اسکردوکے نزدیک واقع کٹ پناہ جھیل اسی دیومالائی خطے کا ایک حسین شاہکار ہے۔

14 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع کٹ پناہ جھیل کی ایک جانب یخ بستہ صحرا ‘کولڈ ڈیزرٹ ‘ اوردوسری جانب سبزے سے ڈھکی خوبصورت وادی ہے۔

کٹ پناہ جھیل کا پانی ، صحرا کی ریت اوربرف زار پہاڑوں کا امتزاج ہر آنکھ کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے ۔

جھیل کی ایک طرف برف اور ریت کی سفیدی سے نیلے آسمان کا ملاپ کسی سحر انگیز نظارے سے کم نہیں ۔

جھیل کی دوسری طرف واقع سبزہ زار اور افق کو چھوتی چوٹیاں اس منظر کو مزید دلکش بنا دیتی ہیں ۔

گلگت بلتستان کے سربہ فلک پہاڑ ، ابلتے چشمے اور ٹھاٹھیں مارتے دریا صدیوں سے سیاحوں کی توجہ حاصل کرتے آئے ہیں۔

کٹ پناہ جھیل بھی گلگت بلتستان کے ٹھنڈے ، میٹھے اور شفاف پانی کے چشموں میں سے ایک ہے۔

کٹ پناہ جھیل قراقرم کے سرمئی مائل بھورے پہاڑوں میں گھری جنت نظیر وادئ اسکردو کا مشہور تفریحی مقام ہے۔

سیاح کہتے ہیں کہ اس جھیل سے برف ، صحرا اور پہاڑوں کا بیک وقت نظارہ کیا جا سکتا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔


متعلقہ خبریں