پشاور: محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے ستمبر سے اسکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے اجلاس میں وزیرتعلیم اکبر ایوب نے ہدایات جاری کر دیں ہیں جس کے مطابق سیکنڈ شفٹ کے لیے اسکولوں کو اپ گریڈ کروانا ضروری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکنڈ شفٹ میں اسکولوں کو اسی لیول پر اپ گریڈ کرایا جائے اور اس پروگرام کی سمری منظوری کے لیے کابینہ میں فورا پیش کی جائے۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے اسکولوں کیلئے ایس او پیز جاری کر دیے
ان کا کہنا تھا کہ سیکنڈ شفٹ کے لیے منتخب اسکولوں میں کمی بیشی کی ضرورت پر کابینہ کا فیصلہ حتمی ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے اسکولوں کے لیے ایس او پیز جاری کیے تھے۔
صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسکول کے گیٹ پر بخار چیک کرنے کا انتظام کیا جائے گا اور زیادہ ٹمپریچر والے طلبہ اور اساتذہ کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا جبکہ اسکول میں سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ کورونا کی علامات والے طلبا کو 7 دن کی چھٹی دی جائے گی اور طلبہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں پوری کلاس کو 14 دن چھٹی دی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق طلبہ ایک ہی برتن میں ساتھ کھانے سے گریز کریں جبکہ طلبہ کے اسکول میں ایک ساتھ داخل ہونے اور نکلنے پر بھی پابندی ہو گی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 15 ستمبر سے قبل کھلنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے۔
اس ضمن میں وزیر تعلیم خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نجی اسکولز کے اسٹاف کو صرف انتظامی معاملات نمٹانے کے لیے اسکول آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ احتیاط کی بہت ضرورت ہے، والدین بچوں کو اسکول نہ بھیجیں۔ جس اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہوں گی ان کے قانونی کارروائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ: اسکول فیس میں20 فیصد رعایت نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم
اس سے قبل ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی کہا تھا کہ صوبے میں سرکاری اور نجی اسکولز 15 ستمبر سے پہلے نہیں کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو اسکول 15 اگست کو کھلے گا، اسے سیل کر دیں گے۔ 15 ستمبر کو تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کے بعد اسکول کھولے جائیں گے۔