سکھر: جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کو نیب کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے اور اس کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دینا چاہیئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تو شروع سے ہی کہتے آ رہے ہیں کہ نیب کو انتقامی کارروائیوں کے لیے بنایا گیا ہے، حزب اختلاف کی جماعتوں کو اس کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دینا چاہیئے۔
جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس نے انہیں حیرت میں ڈال دیا ہے، آج تو ایک جج نے بھی کہہ دیا ہے کہ کس طرح ان سے زبردستی فیصلہ کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ سلیکٹڈ کے نام پر ناراض ہوتے ہیں، چلیں سلیکٹڈ نہ سہی ریجکٹڈ ہی سہی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم کب تک اداروں کو چھپاتے رہیں گے، موجودہ نظام جمہوری نہیں، جب اداروں کے خوف سے دن کو رات اور رات کو دن کہنا پڑے تو یہ ظلم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرف کے بنائے ادارے کو ختم کرنا آسان تھا، سیاسی لوگوں سے غلطیاں ہوئی، اب اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔
امیر جمیعت علمائے اسلام نے کہا کہ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 9 جولائی کو چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے آج کے اجلاس میں شرکت کر کے متحد ہونے کا پیغام دیا ہے، این اے 205 پر کاغذات واپس لے لیے مگر تحفظات موجود ہیں.