وزیراعظم کا دورہ سندھ، مراد علی شاہ نظرانداز



کراچی: وزیراعظم عمران خان کے کراچی کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مکمل طورپر نظرانداز کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں گورنر سندھ سے ملاقات کی، باغ ابن قاسم میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا، اس کے علاوہ کراچی پیکج کا اعلان کیا اور گھوٹکی میں جلسہ کیا لیکن وزیراعلیٰ سندھ کسی بھی موقع پر نظر نہیں آئے۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی پیکج کا بھی اعلان کیا گیا لیکن اس موقع پر بھی مراد علی شاہ کو دعوت نہیں دی گئی۔

وزیراعظم کی جانب سے ملاقات سے گریز کی وجہ ایک طرف نیب کیسز تو دوسری جانب دونوں سیاسی جماعتوں کے بڑھتے ہوئے اختلاف کو قراردیا جارہا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم کے دورے کے دوران اس بار صنعت کاروں اور تاجروں سے بھی ملاقات نہیں ہوئی، کراچی چیمبر اور صدر فیڈریشن ہاوس کے نمائندوں نے بھی کسی بھی تقریب میں مدعو نہ کرنے کا شکوہ کیا ہے۔

اس سے قبل مراد علی شاہ وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے سخت بیانات دے چکے ہیں تاہم اس کے باوجود انہیں مدعو کیا جاتا رہا ہے اور وزیراعظم نے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

واضح رہے ماضی میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کشیدگی کے باوجود بھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اس سے پہلے قائم علی شاہ اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کا استقبال کرتے رہے اور اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔


متعلقہ خبریں