کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن بند


کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیے گئے ہیں جس کی وجہ فنی خرابی کے باعث گیس میسر نہ ہونا بتائی جارہی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کوسوئی گیس کےسسٹم میں گیس کی شدید کمی کاسامنا ہے۔ دوسری جانب گیس فیلڈ سے متواترگیس کی سپلائی کم ہورہی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے کیپٹو پاور(گیس سے بجلی بنانے والے کارخانے) کو گیس کی فراہمی معطل کردی ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق مختلف گیس فیلڈز کی فنی خرابی کی وجہ سے ایس ایس جی سی کو مطلوبہ گیس کی مقدار میسر نہیں ہو رہی۔ اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ اور اندرون سندھ میں سردی بڑھنے کے سبب گیس پریشر میں غیرمتوقع کمی ہو گئی ہے جس کے سبب کیپٹو پاور کو گیس سپلائی معطل کی جا رہی ہے۔

سوئی سدرن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں سندھ اور بلوچستان میں گھریلو صارفین کی طلب تین گنا بڑھ جاتی ہے جب کہ دوسری جانب گیس فیلڈ سے کمپنی کو گیس سپلائی کم ہو رہی ہے۔

ترجمان سوئی سدرن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کیپٹو پاور سیکٹر گیس کی بجائے متبادل ایندھن کا استعمال کرے۔

سوئی سدرن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرمایہ دار اور صنعت کاروں کے خدشات کا اچھی طریقے سے ادراک ہے، اگر گیس موجودگی کی صورتحال بہتر ہوئی تو گیس بحال کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سردی کے موسم میں بلاتعطل گیس فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ صارفین کو یہ وعدہ وفا ہوتا نظر نہیں آرہاہے۔


متعلقہ خبریں