کراچی میں بچوں کی ہلاکت، تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ


کراچی: ساؤتھ سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ مبینہ طورپر مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے قتل کی تحقیقات میں قائم کردہ کمیٹی کی معاونت کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ فیصلہ بچوں کےمبینہ قتل کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تفتیش و تحقیق کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

شہر قائد میں مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی تفتیش کے لیے کراچی پولیس چیف کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تو اس میں اراکین کمیٹی اور ضلع کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں واقعے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا اور پیدا شدہ سوالات کے جوابات بھی تلاش کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈرائیور، متاثرہ خاتون اور بچوں کے والد کے بیانات پر بھی غوروخوص کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ گھر میں موجود دیگر افراد کے بھی بیانات لیے جائیں گے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ شرکائے کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پلےلینڈ اور ریسٹورنٹ کے اطراف کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جائیں گی۔

کراچی پولیس چیف کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے یہ بھی طے کیا کہ تفتیش میں مزید ثبوت و شواہد سامنے آنے پردرج مقدمہ میں دیگر متعلقہ دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب فارنزک لیب اور نجی لیبارٹری کی رپورٹس آنے پر ہی پولیس رپورٹ تیار کی جائے گی۔

کراچی کے علاقے کلفٹن کے رہائشی دو بچے مبینہ طور پرمضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

بعدازاں سندھ فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا جس کے دوران چار سال پرانا گوشت برآمد ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں