’پاکستان میں پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کررہے ہیں’

February 17, 2019


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان میں پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اورآنے والے وقت میں مزیدسرمایہ کاری کی نویدسنادی ہے۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ہمارے لیے پاکستان بہت زیادہ اہم ملک ہے۔

’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں،محمد بن سلمان‘

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ پہلا مرحلہ ہے اور پھر پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

محمدبن سلمان نے کہا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے اور اگلے20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائےگا۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی قیدیوں کے لیے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ’’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔‘‘

 ’سعودی عرب ہمیشہ سے ہمارا دوست اور بھائی رہاہے،وزیراعظم عمران خان ‘

وزیراعظم عمران خان نے سعودی مہمان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آج ایک عظیم دن ہے، سعودی ولی عہداوران کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتےہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ سے ہمارا دوست اور بھائی رہاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی اپنے تعلقات کو بلندیوں پر لے جارہےہیں۔ سعودی عرب ہرضرورت اورمشکل میں ہمارےساتھ رہاہے، سعودی قیادت اور عوام ہمیشہ سےہمارے دلوں میں رہتےہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹروکیمیکل اور معدنیات کےشعبےمیں مفاہمت بہت زیادہ اہم ہے،پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی مہمان سے پاکستانی حجاج کو پاکستان میں امیگریشن کی سہولت دینے اورسعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست  کی۔ جس پرسعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو قیدیوں کی رہائی کےلیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔