سعودی ولی عہد کا دورہ: شہباز شریف، زرداری کا خیرمقدم

کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایک اعلامیے کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا انتہائی معتبر اور قابل احترام دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات دائمی رہے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عزت اور محبت کا رشتہ صدیوں پرانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانی قوم کی مدد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان سعودی عرب ولی عہد کے پاکستان آنے پر آجیاں کرتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کے لئے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاشی پیکج بہت فراخ دلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے، پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں اس معاشی پیکج پرسعودی عرب کے ساتھ معاملات طے پائے تھے جس کا ثمر الحمد اللہ  آج پاکستان کو مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ اور مدینہ شریف کے مقدس مقامات سعودی عرب کو ہر مسلمان کے لئے خاص بناتے ہیں۔

شہباز شریف کے مطابق حجاز مقدس کے حوالے سے ہر مسلمان بالخصوص پاکستانی اپنے دل میں سعودی عرب کا خصوصی احترام اور الفت رکھتا ہے، سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، پاکستان پر پابندیاں لگائیں گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مشکل حالات میں سعودی کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، پاکستان کو درپیش ہر چیلنج اور خوشی کے لمحات میں سعودی قیادت اور عوام شریک رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد نے سعودی عرب کی معاشی سمت تبدیل کردی، تیل پر انحصار کی معیشت کو جدید اقتصادی وڑن سے تبدیل کرکے انہوں نے اپنی قابلیت کا جوہر منوایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں اصلاحات کا عمل شروع کرکے ایک نئی روایت ڈالی، پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی شراکت داری باہمی اور امت مسلمہ کے مفاد میں ہے۔