کراچی: پاک بحریہ کی جانب سے ساحل سمندر کی صفائی کے نگران کمانڈر راؤ عابد کے مطابق صفائی کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
پاک بحریہ کے علاوہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی ٹیمیں بھی ساحل کی صفائی میں حصہ لے رہی ہیں۔
ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کمانڈر راؤ عابد کا کہنا تھا کہ آج شام تک آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔
کراچی کے قریب سمندر میں پھیلے تیل کی صفائی کا کام کئی روز سے جاری ہے۔ چرنا آئی لینڈ سے پھیلنے والا تیل مبارک ویلج سے گوادر تک پھیل چکا ہے جس سے آبی حیات کی زندگی اور افزائش داؤ پر لگ گئی ہے۔
ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ اس سمندری آلودگی سے ان کا روزگار سخت متاثر ہورہا ہے اور وہ گزشتہ تین دن سے شکار کے لیے سمندر میں نہیں جاسکے ہیں۔
ماہی گیروں کے مطابق کچھوے، ڈولفن اورمچھلیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں کیوںکہ پانی کی نچلی سطح پر بھی تیل موجود ہے۔
انوائرومنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) بلوچستان نے بائیکوکمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسکورنگ پوائنٹ سسرنگ سے پائپ لائن تک آپریشنز معطل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایجنسی کے مطابق کام جاری رہنے سے آبی حیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔