آرمی چیف کی چینی صدر سے ملاقات

آرمی چیف کی چینی صدر سے ملاقات

بیجنگ:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے، ملاقات چینی صدر کی خصوصی دعوت پر ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ  پاک چین دوستی میں پاک فوج کا اہم کردار ہے،  پاک فوج کا پیشہ ورانہ کردار قابل تعریف ہے۔

چینی صدر نے خطے میں امن اور استحکام میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) یا سی پیک کی مخالفت کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ یہ نہ صرف چین بلکہ خطے اور اس سے بھی آگے کے ممالک کے لیے امن اور ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن کی اہمیت سے آگاہ ہے اور اس کے حصول کے لیے بھرپور قربانیاں دے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر آئی اور سی پیک ہر صورت میں کامیاب ہوں گے اور پاک فوج ہر قیمت پر سی پیک کی حفاظت یقینی بنائے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کی خاطر کام کرتے ہوئے ہمیں مخالف قوتوں کو روکنے کے لیے مضبوط ہونا ضروری ہے اور اس سلسلے میں چین کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔

 ملاقات میں علاقائی سلامتی اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے دورے کی دعوت دینے پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں