کراچی کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے،عمران خان

کراچی کے لیے ماسٹر پلان بنائے گے، وزیراعظم |humnews.pk

کراچی: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک کراچی کھڑا نہیں ہوگا تب تک پاکستان کھڑا نہیں ہوگا کیونکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور کراچی کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کا پہلی بار ماسٹر پلان اور’گرین کراچی‘ پروگرام بنائیں گے.

گورنر ہاؤس میں ’ڈیم فنڈ ریزنگ‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں  نے پاکستان تحریک انصاف کے تبدیلی کے نعرے کو سپورٹ کیا لیکن ہماری تنظیم نہیں بن پارہی تھی کیونکہ یہاں بہت خوف تھا۔ 

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ روشنیوں کا شہر دوبارہ روشنیوں کا شہر بنے گا اور ہم کراچی کے سارے مسئلے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے اورنگی میں ری سائیکلنگ پلانٹ لگائیں گے، ریلوے کے لیے اسٹاپ بنائیں گے اور نادرن بائی پاس تیارکریں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کراچی پی ٹی آئی کا شہرہے لیکن لوگ نہیں مانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ پڑھے لکھے اور سیاسی شعور رکھنے والے لوگ ہیں لیکن اس شہر کو تنہا کردیا گیا۔

وزیراعظم نے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک پسماندہ طبقہ ہے جو یہاں کے شہری نہیں ہیں بلکہ افغان یا دوسری اقوام سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے پاس شناختی کارڈز نہیں ہیں جس کے باعث انہیں نوکریاں نہیں ملتیں اور وہ مجرم بن جاتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے لیے ڈیم بنانا بہت ضروری ہیں۔ آج  ملٹری ڈکٹیٹر یعنی ایوب خان کے دور میں ڈیم پر کام ہوا لیکن  اس کے بعد ایسی کوئی حکومت نہیں آئی جو اس جانب توجہ دیتی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کسی نے نہیں سوچا تھا کہ پانی کی کمی ہوگی، شاید اسی لیے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی۔ انہوں نے خبردارکیا کہ اگر 2025 تک ہم نے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا تو ہم بہت مشکل میں آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس پانچ ہزار ڈیمز ہیں جبکہ پاکستان کے پاس دو بڑے اور 150 چھوٹے ڈیمز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے دریاؤں کا پانی بڑے پیمانے پر ضائع ہوجاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈیم بنانے کے لیے پیسہ نہیں ہے کیونکہ ہم قرضوں میں ڈوبے ہوئے ہیں اور اب قرضہ 30 ہزار ارب روپے ہے۔

وزیراعظم  نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیمز کے لیے فنڈز جمع کرنا آپ کا کام نہیں تھا لیکن پھر بھی آپ نے یہ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور قوم کو موبائلز کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت و عوام ایک ہوجاتے ہیں تو قوم جنم لیتی ہے اور پھر کوئی کام ناممکن نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جرمنی اور جاپان دوسری جنگ عظیم کے بعد دس برس بعد ہی دوبارہ کھڑے ہوگئے کیونکہ عوام اورحکومت ایک تھی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے کی جانے والی فنڈ ریزنگ میں بڑے پیمانے میں حصہ لیں تاکہ ان کی جلد از جلد تعمیر ممکن ہوسکے۔


متعلقہ خبریں