مودی سے پوچھ کر پاکستان جاؤں گا، سنیل گواسکر


دہلی: بھارت کے مایہ ناز بلے باز سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کے متوقع  وزیرِ اعظم عمران خان کی  تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے تاہم تقریب میں شرکت کا فیصلہ اپنی حکومت سے مشورے  کے بعد کریں گے۔

بھارتی ٹی وی چینل ‘انڈیا ٹی وی’  سے گفتگو کرتے ہوئے گواسکر کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ملنا ان کے لیے فخر کی بات ہے تاہم  انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کی وجہ سے  وہ خاصے مصروف ہیں لہٰذا تقریب میں شرکت کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اپنی حکومت کے مشورے سے کریں گے۔

گواسکر نے بتایا کہ دعوت نامہ انہیں ہفتے کی شب عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے موصول ہوا ہے البتہ سرکاری طور پر کوئی دعوت اب تک نہیں ملی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گواسکر کے علاوہ سابق کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ  سدھو کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں تاہم  پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے گذشتہ روز ایک بیان میں اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ تقریب حلف برداری کے لیے اب تک مہمانوں کی فہرست  تیار نہیں کی گئی۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متوقع وزیراعظم 14 اگست سے پہلے حلف اٹھا لیں گے، بعض حلقوں کے مطابق یہ تقریب 12  یا 13 اگست کو ایوان صدر میں ہونے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں