وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعرات کی دوپہر فضاؤں میں پاک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بلند پروازیں کرتے دکھائی دیے۔ مختلف علاقوں میں طیاروں کی گرج دار آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
تفصیلات کے مطابق جدید جنگی طیاروں نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والے فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی۔ شہریوں نے بھی اس کا نظارہ کیا،ریہرسل سے قبل اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
پاکستان کےF16 کی مرمت کے امریکی پیکج کی راہ ہموار
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق فلائی پاسٹ ریہرسل کے دوران صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ایئرپورٹ پر تمام ٹیک آف اور لینڈنگ روک دی گئیں۔بعدازاں پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریہرسل کے دوران فضائی حدود میں خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے تاکہ یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب کے لیے فضائی مظاہرے کی تیاری کو محفوظ اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ریہرسل کے دوران لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے بعض فضائی راستے عارضی طور پر بند رہیں گے۔ اس پابندی کے باعث مختلف ایئر لائنز کے فلائٹ شیڈول میں تاخیر یا تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ۔
تائیوان کیلئے تیار ہونیوالے نئے ایف 16وی طیاروں کی ٹیسٹ پروازیں اس ماہ شروع
دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی معطلی کے اثرات دیگر شہروں کی پروازوں پر بھی پڑے ہیں۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نجی ایئرلائن ایئر سیال کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو عارضی طور پر روک لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ عارضی پابندیاں یومِ پاکستان 23 مارچ کی مرکزی تقریب کی تیاریوں کا حصہ ہیں، جس میں پاک فضائیہ کے طیارے روایتی فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہیں۔ یہ فضائی مظاہرہ ہر سال یومِ پاکستان کی تقریبات کا اہم اور نمایاں حصہ سمجھا جاتا ہے۔
