اسلام آباد: فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سماجی رابطوں (سوشل میڈیا) کی ایپلی کیشنز پر گردش کرنے والے خطروں کے انتباہی پیغامات (تھریٹ الرٹس) سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ خطروں کے انتباہی پیغامات نہ ان کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور نہ ہی ان سے کوئی تعلق ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منفی پروپگنڈے کا مقصد عوام الناس میں صرف خوف و ہراس پھیلا کر انہیں الجھن کا شکار کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر نے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ اسی ضمن میں جعلی فون کالیں بھی شہریوں کو موصول ہوسکتی ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے عوام الناس سے کہا ہے کہ کسی بھی منفی پروپگنڈے کا شکار ہونے کے بجائے وہ ازخود آئی ایس پی آر کی آفیشل ویب سائٹ ispr.gov.pk پر تصدیق کر لیا کریں۔