سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام کے ایک کروڑ 75 لاکھ اکاؤنٹس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ صارفین کو پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے صارفین کی ذاتی معلومات کے لیک ہونے اور ایک کروڑ 75 لاکھ اکاؤنٹس کے متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس کی سیکیورٹی پر تشویش بڑھ گئی۔
سائبر سیکیورٹی کمپنی میلویئربائٹس کی رپورٹ کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں صارفین کے یوزرنیم، ای میل ایڈریسز، فون نمبرز، رہائشی پتے اور دیگر حساس معلومات شامل ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ انسٹاگرام صارفین کی یہ معلومات ڈارک ویب مانیٹرنگ کے دوران سامنے آئیں۔ اور صارفین کو ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کے پیش نظر پاس ورڈ ری سیٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کئی صارفین نے غیر متوقع طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ ری سیٹ ہونے اور ای میلز موصول ہونے کی شکایات کی تھیں۔ جس سے ڈیٹا لیک کے خدشات پیدا ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ میں فیس بک جیسا فیچر متعارف
سائبر سیکیورٹی کمپنی نے کہا کہ اس سرگرمی کے نتیجے میں دنیا بھر میں ایک کروڑ 75 لاکھ انسٹاگرام اکاؤنٹس کا ڈیٹا چوری ہوا ہے۔ اور یہ معلومات ڈارک ویب پر فروخت کے لیے دستیاب ہو سکتی ہیں۔

