ٹیکساس: امریکا میں خزانے کی تلاش میں نکلنے والے خاندان کے ہاتھ قیمتی ہیرا لگ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست آرکنساس کے کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک میں ایک شہری نے نایاب ہیرا دریافت کر لیا۔
آرکنساس اسٹیٹ پارکس کے مطابق یہ منفرد دریافت 30 دسمبر کو پائیک کاؤنٹی میں واقع پارک میں ہوئی۔ جہاں 41 سالہ جیمز وارڈ نے 2.09 قیراط وزنی کتھئی رنگ کا ہیرا تلاش کیا۔ اس ہیرے کو “وارڈ ڈائمنڈ” کا نام دیا گیا۔
جیمز وارڈ کا تعلق امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے سائپریس سے ہے۔ جو اپنی اہلیہ الزبتھ وارڈ اور دو کم سن بیٹوں، 9 سالہ ایڈرین اور 7 سالہ آسٹن کے ہمراہ پارک کی سیر کے لیے آئے تھے۔
اہلخانہ کے مطابق پارک جانے کا خیال دراصل سب سے چھوٹے بیٹے آسٹن کا تھا۔ جس نے کرسٹل تلاش کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
الزبتھ وارڈ کے مطابق ان کے بیٹے نے ایک روز ٹی وی دیکھتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ٹیکساس یا اس کے آس پاس کوئی ایسی جگہ ہے۔ جہاں کرسٹل تلاش کیے جا سکیں۔ اس پر انہوں نے انٹرنیٹ پر تلاش کی اور کریٹر آف ڈائمنڈز اسٹیٹ پارک کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعد ازاں جب انہوں نے یہ معلومات اپنے شوہر جیمز وارڈ کو بھیجیں تو معلوم ہوا کہ یہ مقام صرف 6 گھنٹے کی ڈرائیو پر واقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین: والدین کا بچوں کو شادی کیلئے راضی کرنے کا انوکھا طریقہ
خوش قسمت خاندان کے مطابق پارک میں پہلے دن سردی اور طویل مشقت کے باعث خاصے تھک گئے تھے۔ تاہم 9 سالہ ایڈرین نے سب کو اگلے دن دوبارہ کوشش پر آمادہ کیا۔ قسمت نے اگلے ہی دن ساتھ دیا اور نایاب ہیرا دریافت ہو گیا۔ جس نے اس خاندانی سیر کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنا دیا۔

