بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ڈرگس کنٹرول انتظامیہ نے بچوں کے لیے استعمال ہونے والے آلمونٹ-کِڈ سیرپ پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
سیرپ میں خطرناک کیمیکل ایتھیلین گلائکول کی موجودگی کے باعث اسے انسانی صحت، خصوصاً بچوں کے لیے زہریلا قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ میں قائم سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (CDSCO) کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی، جس کے بعد تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتباہی نوٹس جاری کیا۔
محکمہ صحت نے ہدایت دی ہے کہ اگر آلمونٹ-کِڈ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو اس کا استعمال اور فروخت فوراً بند کر دی جائے۔ چونکہ یہ دوا بچوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس لیے والدین، دواسازوں اور طبی اداروں کو خصوصی احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔
بھارت: کھانسی کا شربت پینے سے کئی بچے ہلاک
حکام نے مزید واضح کیا ہے کہ اس سیرپ کے موجود ہونے کی صورت میں فوری طور پر اس کا استعمال روک کر قریبی ڈرگس کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دی جائے۔
ریاست بھر کے ڈرگس انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متعلقہ بیچ کا تمام دستیاب اسٹاک فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ریٹیلرز، ڈسٹری بیوٹرز، تاجروں اور اسپتالوں کو کسی بھی صورت اس کی فروخت یا تقسیم سے روکا جائے۔
محکمہ صحت نے نفاذی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور عوامی صحت کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

