حکومت پاکستان نے ایران میں موجودہ صورتِحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایران میں موجود پاکستانیوں کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہری موجودہ حالات کے باعث ایران کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور صورتحال معمول پر آنے تک سفر مؤخر کر دیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جو پاکستانی شہری پہلے سے ایران میں موجود ہیں وہ انتہائی احتیاط سے کام لیں اور اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔
ان کے مطابق ایران میں مقیم پاکستانی شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتی عملے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایران میں حالات کشیدہ، متعدد افراد ہلاک، انٹرنیٹ سروسز متاثر
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایران میں موجودہ حالات کے باعث پاکستانی سفارت خانے نے شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا ہے۔
تہران میں سفیرِ پاکستان مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے چوبیس گھنٹے رابطہ ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ عہدیداروں کے رابطہ نمبرز اور لینڈ لائن نمبرز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی صورت میں فوری مدد کی جا سکے۔

