وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی روانہ پہنچ گئے جہاں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین کے علاوہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
کراچی روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سندھ کے کارکنان کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے قائد کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں۔
انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ اتوار کو مزار قائد پر ہونے والے جلسے کی تیاریاں آج سے ہی شروع کر دی جائیں۔
سچ میں دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے تو آ کر ہمارے ساتھ پالیسی بنائیں ، سہیل آفریدی
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے سندھ میں مختلف سرگرمیاں پلان کی گئی ہیں۔
انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اسٹریٹ موومنٹ میں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔
دورہ سندھ کے دوران وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ کراچی میں وکلاء، تاجر تنظیموں، وزیر اعلیٰ سندھ اور میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اپنے دورے کے دوران مختلف سرکاری اور عوامی مصروفیات بھی انجام دیں گے۔

