بھارت خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان

بھارت خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے امن دشمن اقدامات کو نہیں چھپا سکتا۔

قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے اور دوسروں کو نصیحت کرنے کے بجائے اسے اپنے طرزِ عمل پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہلی میں فیض الہٰی مسجد اور اس سے ملحقہ جائیدادوں کا انہدام بھارت میں جاری مسلم کش مہم کا حصہ ہے، جو 1992 میں بابری مسجد کے انہدام اور بعد ازاں مندر کی تعمیر کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز ہندوتوا مہم بدستور جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے جموں و کشمیر سے متعلق یومِ حق خودارادیت منایا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں انسانی حقوق کے کارکن اور سیاسی رہنما جیلوں میں بند ہیں، ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی منظم کوششیں کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات کی مشترکہ صدارت کی، مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا، جس میں پاکستان نے چین کی قومی وحدت کے حصول کے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات میں چین کو مسئلہ جموں و کشمیر سے بھی آگاہ کیا، جس پر چینی قیادت نے کشمیر کو ایک تاریخی اور حل طلب مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے منصفانہ حل پر زور دیا۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سہ فریقی میکنزم کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم پاکستان افغان سرزمین کے دیگر ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے سے متعلق عملی ضمانتوں کا منتظر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سہ فریقی تعاون کا مقصد خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے جبکہ اعلامیے میں اس تعاون کے تحت نئے نتائج حاصل کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ایران سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ برس ایران کے خلاف 12 روزہ جارحیت کی مخالفت کر چکا ہے، ایران کی صورتحال اس کا اندرونی معاملہ ہے اور پاکستان ایران کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے خلاف بیرونی جارحیت، دھمکیوں اور جوہری معاہدے سے متعلق پابندیوں کو غیر تعمیری قرار دیتا ہے اور کسی بھی پڑوسی ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کا مخالف ہے۔

نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کر دیا

صومالی لینڈ کے حوالے سے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور پاکستان نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر صومالی لینڈ کی غیر قانونی ریاست کی مخالفت کی ہے۔

آخر میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سفیروں سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقاتیں معمول کے سفارتی امور کا حصہ ہیں۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp