کیمبرج: امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پہلی بار میئر اور ڈپٹی میئر دونوں عہدوں پر پاکستانی نژاد نوجوان منتخب ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں تاریخ رقم ہو گئی۔ 5 جنوری کو ہونے والے انتخاب میں کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی سال 27-2026 کے لیے تیسری بار کیمبرج سٹی کی میئر منتخب ہوئیں۔ جبکہ پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے برہان عظیم کیمبرج سٹی کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے۔
سنبل صدیقی پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔ اور امریکا میں سیاسی میدان میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ پہلی بار 2017 میں کیمبرج سٹی کونسل کے لیے منتخب ہوئیں۔ جبکہ 2020 سے 2024 تک دو مرتبہ کیمبرج کی میئر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
ریاست میساچوسٹس کی تاریخ میں سنبل صدیقی کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر اور ایشیائی خاتون ہیں جو مسلسل تیسری بار اس منصب پر منتخب ہوئی ہیں۔
دوسری جانب برہان عظیم معروف ماہر تعلیم پروفیسر منیر چوہدری کے صاحبزادے ہیں۔ اور ایم آئی ٹی یونیورسٹی بوسٹن سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان کا غزہ کیلئے عالمی امن فوج میں شامل نہ ہونے کا اعلان
برہان عظیم اس سے قبل کیمبرج سٹی کی تاریخ کے کم عمر ترین کونسلر منتخب ہو چکے ہیں۔ جبکہ دوسری بار کونسلر منتخب ہو کر اب کم عمر ترین ڈپٹی میئر بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

