پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کے تبادلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ای ٹرانسفر پالیسی 2024 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت صرف وہی اساتذہ تبادلے کے اہل ہوں گے جنہوں نے اپنی موجودہ تعیناتی پر کم از کم تین سال مکمل کرلیے ہوں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں استحکام پیدا کرنا اور طلبہ کی پڑھائی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ تبادلے کے خواہشمند اساتذہ کو درخواست دینے سے قبل اپنی تمام تعلیمی اور انتظامی ذمہ داریاں مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ ان ذمہ داریوں میں امتحانی نتائج کی تیاری، رزلٹ کا بروقت اعلان اور والدین و اساتذہ کے اجلاسوں (پیرنٹ ٹیچر میٹنگز) کا انعقاد شامل ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کی تصدیق کے لیے اپنے متعلقہ ہیڈ ٹیچر سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی استاد کے تبادلے کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی اور نہ ہی انہیں موجودہ تعیناتی سے فارغ کیا جائے گا۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ای ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) ذمہ دار ہوگا اور اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ ای ٹرانسفر پالیسی پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھنا اور طلبہ کے تعلیمی نقصان کو روکنا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نئی ہدایات پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے اور تمام متعلقہ افسران کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

