پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل اپنے ایک حالیہ بیان کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
اداکارہ کا شمار شوبز انڈسٹری کے تجربہ کار فنکاروں میں ہوتا ہے اور وہ مختلف ٹی وی پروگرامز میں شادی اور گھریلو زندگی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور ناصر خان جان کی ہوائی جہاز میں ملاقات؟ حقیقت جانیے
صبا فیصل حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے سسرال میں نئی نویلی دلہن کے رویے سے متعلق بات کی۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد سسرال میں عموماً مہمانوں کی آمدورفت ہوتی ہے، جس کے باعث ساس پر گھر اور مہمانوں کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، جبکہ نئی دلہن پر فوری طور پر کوئی خاص ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔
صبا فیصل کے مطابق اگر نئی دلہن کو آرام کی ضرورت محسوس ہو تو بہتر ہے کہ وہ ساس یا شادی شدہ نند سے اجازت لے لے، خاص طور پر اگر ساس خود آرام کا نہیں کہہ رہی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ایسے معاملات میں بات چیت کا انداز نہایت اہم ہوتا ہے۔ ان کے بقول براہِ راست حکم دینے کا طریقہ سسرال میں قابلِ قبول نہیں، جبکہ مؤدبانہ انداز میں اجازت طلب کرنے پر حتیٰ کہ سخت مزاج ساس بھی انکار نہیں کرتی۔
دانانیر مبین کا بہن کے ساتھ اتان پرفارمنس، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
صبا فیصل کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا اور کئی صارفین نے ان کے خیالات کو نامناسب قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اداکارہ اپنے بیانات کے باعث تنقید کی زد میں آئی ہوں۔ اس سے قبل بھی دلہن کے شادی کے لباس سے متعلق ان کے بیان پر سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں ردعمل سامنے آیا تھا، جس پر انہوں نے بعد ازاں وضاحتی بیان اور معذرت بھی کی تھی۔

