شمالی علاقوں اور بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، این ڈی ایم اے کا الرٹ

NDMA Alert

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار ریجن اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی صورتحال برقراررہنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ کوئٹہ، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

شدید سرد موسم کے سبب سانس کی بیماریوں کے خطرات بڑھنے کا اندیشہ ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی پڑنے سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا کاشتکار حضرات اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم، میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج

اسی طرح ممکنہ شدید دھند اور خراب موسمی صورتحال کے باعث میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp