خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں ایک افسوسناک واقعے میں شادی کی خوشیاں اچانک غم میں تبدیل ہو گئیں، جہاں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 5 خواتین زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ شبقدر کے علاقے خیرآباد میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی، اچانک مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی، جس کے ملبے تلے دب کر6 افراد موقع پر ہی دم توڑگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اوراس کی تین بیٹیاں بھی شامل ہیں جبکہ دیگر بچے بھی حادثے کا شکار ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ گھرمیں اہلِ خانہ کے علاوہ قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پشاوراورضلع خیبرسے شبقدرآئے تھے۔
کراچی،شادی کی تقریب میں جاتے ہوئے 5 افراد نالے میں جا گرے
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 5 خواتین کو طبی امداد دی جا رہی ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکان خستہ حال تھا اور حالیہ بارشوں کے باعث چھت کمزور ہو چکی تھی، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

