وِل اسمتھ پر شرمناک الزام لگ گیا ،مقدمہ بھی درج

Will Smith

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور ریپر ول اسمتھ (Will Smith)ایک نئے اور سنگین قانونی تنازعے کی زد میں آ گئے ہیں، جہاں ان پر ساتھی مرد کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ کیلیفورنیا کی سپیریئر کورٹ، لاس اینجلس میں دائر کیا گیا ہے، جس نے شوبز انڈسٹری میں خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، ول اسمتھ کے 2025 کے میوزک ٹور میں شامل ایک وائلنسٹ برائن کنگ جوزف نے جنسی ہراسانی، غلط برطرفی اور انتقامی کارروائی کے الزامات کے تحت عدالت سے رجوع کیا ہے۔ مدعی کا کہنا ہے کہ انہیں نومبر 2024 میں سان ڈیاگو میں ہونے والے ایک شو کے لیے بطور وائلنسٹ رکھا گیا، جس کے بعد ول اسمتھ نے انہیں اپنے 2025 کے عالمی میوزک ٹور اور آئندہ البم Based on a True Story میں شامل کرنے کی پیشکش کی۔

پورا قرآن حرف بہ حرف پڑھا اور بہت کچھ سیکھا، ول سمتھ

درخواستِ دعویٰ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ول اسمتھ نے مبینہ طور پر ’’شکاری رویہ‘‘ اختیار کرتے ہوئے مدعی کو بتدریج ذہنی طور پر جنسی استحصال کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی۔ برائن کنگ جوزف کے مطابق، اسمتھ نے ایک موقع پر ان سے کہا کہ ’’ہمارا رشتہ خاص ہے، ایسا تعلق میرا کسی اور سے نہیں‘‘، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔

مقدمے میں مارچ 2025 میں لاس ویگاس میں پیش آنے والے ایک واقعے کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، جہاں ول اسمتھ پرفارم کر رہے تھے۔ مدعی کے مطابق، ان کے ہوٹل روم کی چابی والا بیگ اسمتھ کی مینجمنٹ سے گم ہوگیا، بعد ازاں انہیں محسوس ہوا کہ ان کے کمرے میں کوئی داخل ہوا ہے۔ ان کے بقول، کمرے سے ایک ہاتھ سے لکھی پرچی ملی جس پر ’’Brian, I’ll be back… just us‘‘ تحریر تھا، جس نے انہیں شدید خوف میں مبتلا کردیا۔

آسکر ایوارڈز 2022: ول سمتھ نے 30 سال بعد پہلا آسکر جیت لیا

مدعی نے مزید دعویٰ کیا کہ کمرے میں موجود دیگر اشیاء نے ان کے خدشات کو مزید بڑھا دیا، جس کے بعد انہوں نے ہوٹل سیکیورٹی، ول اسمتھ کے نمائندوں اور پولیس کو اطلاع دی۔ تاہم چند دن بعد اسمتھ کی مینجمنٹ ٹیم کے ایک رکن نے انہیں یہ کہہ کر ملازمت سے نکال دیا کہ انہوں نے یہ سب خود گھڑا ہے۔

برائن کنگ جوزف کا کہنا ہے کہ برطرفی کے بعد وہ پی ٹی ایس ڈی اور دیگر ذہنی مسائل کا شکار ہو گئے۔ دوسری جانب ول اسمتھ کے وکیل ایلن بی گراڈسکی نے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، جھوٹے اور غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ول اسمتھ نے اپنا تازہ البم Based on a True Story مارچ 2025 میں ریلیز کیا تھا، جبکہ ان کا عالمی میوزک ٹور جون میں مراکش کے شہر رباط سے شروع ہوا۔ اس مقدمے کے سامنے آنے کے بعد شوبز حلقوں میں اس معاملے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp