خراب موسم نے فلائٹ آپریشن درہم برہم کر دیا


ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی خرابی کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 پروازیں منسوخ، ایک پرواز متبادل ایئرپورٹ منتقل جبکہ 70 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی قومی ایئرلائن کی پروازیں پی کے 302 اور پی کے 303 منسوخ کر دی گئیں۔ اسی دوران ریاض سے اسلام آباد آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ایف 3651 کو خراب موسم کے باعث پشاور منتقل کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کی 30، اسلام آباد کی 12، کراچی کی 10، ملتان کی 7، پشاور کی 3 جبکہ سیالکوٹ، فیصل آباد اور اسکردو کی 2، 2 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

فلائٹ شیڈول میں مزید بتایا گیا کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 373 گیارہ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، ابوظبی سے لاہور کی پروازیں ای وائی 284 اور 285 دس گھنٹے، لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 747 آٹھ گھنٹے، دمام سے آنے والی پرواز پی کے 248 چار گھنٹے جبکہ جدہ سے ملتان کی پروازیں ایس وی 801 اور 800 بھی چار گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسافروں کو صورتحال سے بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے جبکہ موسم بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp