انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشتگردی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عادل راجہ، حیدر مہدی، وجاہت سعید، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ملزمان کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید کی اضافی سزائیں بھی سنائیں، جبکہ 15 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سنایا۔ اس سے قبل عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
صابر شاکر، معید پیرزادہ اور اکبر حسین کو عمر قیدکی سزا اسلام آبادکےتھانہ آبپارہ کے مقدمے میں سنائی گئی۔
اسی طرح شاہین صہبائی ، حیدر مہدی اوروجاہت سعید کوعمرقید کی سزا اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر سنائی گئی۔
پراسیکیوشن نے دوران عدالتی کارروائی 24 گواہان پیش کیے، جبکہ مقدمہ ملزمان کی غیر موجودگی میں مکمل کیا گیا۔ جج طاہر عباس سپرا کے مطابق قانونی طور پرقوانین کے تحت ایسا ممکن ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان پر 9 مئی کے واقعات کے دوران سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم چلانے اور اشتعال انگیزی کے الزامات ثابت ہوئے۔

