وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا مصافحہ اللہ کرے اخلاص والا ہو، منافقت والا نہ ہو، کیونکہ ماضی میں بھارت کے بیشتر مصافحے منافقت پر مبنی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اورسی ڈی ایف کی پارٹنرشپ پاکستان کیلئے مثبت نتائج دے رہی ہے اور اسی شراکت داری نے نہ صرف بھارت کے خلاف جنگ جیتی بلکہ ملکی معیشت کو بھی بہتر بنایا اور دور دور تک کوئی ایسا بولرنظر نہیں آتا جو اس جوڑی کی وکٹ لے سکے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہی پارٹنرشپ پاکستان کی سفارت کاری کو عروج پر لے کر گئی ہے، دعا ہے کہ یہ جوڑی اسی طرح وکٹ پر کھڑی رہے اور پاکستان کے لیے رنز بناتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یا وزیراعظم کی کوئی انا نہیں، پاکستان کا مفاد ہر چیز سے بڑا ہے، اسی لئے جب بھارت نے حملہ کیا تو کوشش کی گئی کہ تمام سیاسی قوتوں کوآن بورڈ لیا جائے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ مئی کی جنگ نے دنیا میں بہت کچھ بدل دیا ہے، اب عالمی سطح پر پاکستان کا وزن بھارت سے زیادہ ہے۔
ان کے مطابق بھارت نہ صرف جنگ ہارا بلکہ عالمی سطح پراس کا بیانیہ بھی شکست کھا گیا، جبکہ پہلگام اور پلوامہ جیسے واقعات بی جے پی کی سازشیں تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ویں ترمیم کی مخالفت ہی نہیں کی، سیف اللّٰہ ابڑو
داخلی سیاست پر بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مشیر اطلاعات کے پی اور عظمیٰ بخاری کے درمیان استعمال ہونے والی زبان مناسب نہیں تھی، تاہم بعض اوقات جواب دینا ناگزیر ہو جاتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا مشن پاکستان کے مسائل حل کرنا نہیں، بلکہ کچھ اور ہے، تاہم حکومت مسائل پر بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نواز شریف کہیں گم نہیں، آج بھی رہنمائی انہی کی ہے اور حکومت کی توجہ صرف کارکردگی پر ہے۔

