سرمایہ کاروں کو سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

Shahbaz Sharif

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نئے سال کے پہلے روز معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافے اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس پالیسی پر تمام وزارتوں کی جانب سے مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

امن اور خوشحالی میں پاکستان بھارت پر سبقت لے گیا، گلوبل اکنامک گیلپ سروے رپورٹ جاری

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام اور ترقی کے لیے تمام وزارتوں کو عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیے پر مشتمل جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے متعلقہ وزارتوں سے فوری طور پر تجاویز طلب کرلیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی سفارشات طلب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر معاشی اصلاحات اور مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کے درمیان ہم آہنگی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون کا کردار کلیدی ہے۔

اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور اہم معلومات کی بروقت اور ابتدائی آگاہی فراہم کی جائے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دی جائے تاکہ پائیدار معاشی ترقی کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp